اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) بھارتی حکومت نے اعتراف کرتے ہوئے اپنی اس غلطی کا ایک بار پھر اعادہ کیا ہے کہ بھارت کی طرف سے جوہری صلاحیت کے حامل کروز میزائل کا غلط فائر ہونا جو گزشتہ سال پاکستان میں گرا تھا، پڑوسی ممالک کے درمیان ’جنگ کی صورتحال‘ کا باعث بن سکتا تھا۔ براہموس میزائل گزشتہ سال 9 مارچ کو بھارت کی شمالی ریاست ہریانہ سے داغا گیا تھا اور وہ پاکستان میں پنجاب کے مشرقی قصبے میاں چنوں کے قریب گرا تھا اور نئی دہلی کیلئے سفارتی سطح پر ڈراؤنے خواب کا باعث بنا تھا۔ بھارتی فوج نے فضائیہ کے تین اہلکاروں کو غلطی سے میزائل داغنے کا قصوروار قرار دیتے ہوئے برطرف کر دیا تھا۔