معروف بھارتی اداکار و کامیڈین کپل شرما نے انکشاف کیا ہے کہ نندیتا داس فلم ’زویگاٹو‘ میں مرکزی کردار کے لیے نواز الدین صدیقی کو کاسٹ کرنا چاہتی تھیں۔
کپل شرما نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ فلم ’زویگاٹو‘ میں کاسٹ کرنے سے پہلے مجھے یہ بھی بتایا گیا کہ مجھ سے پہلے نندیتا داس اس کردار کے لیے نواز بھائی کا انتخاب کرنا چاہتی تھیں لیکن نواز بھائی اپنی کچھ مصروفیات کی وجہ سے اس فلم میں کام کرنے کے لیے دستیاب نہیں ہوسکے۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں نواز بھائی کی عدم دستیابی پر خوش ہوں ورنہ یہ اتنا اچھا موقع مجھے کبھی نہیں ملتا۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ نواز بھائی کی ایک حقیقت پسندانہ کردار میں موجودگی ہمیشہ ہی بہت زبردست ہوتی ہے جبکہ میں ایک غیر متوقع انتخاب ہوں، لوگ سوچ رہے ہوں گے کہ یہ نندیتا صاحبہ کو کیا ہوگیا ہے، اُنہوں نے اس کردار کے لیے کپل کو کیوں کاسٹ کیا ہے؟ لیکن مجھے امید ہے کہ یہ فلم میری اس کردار میں موجودگی کو درست ثابت کرے گی۔
کپل شرما نے کہا کہ ڈیلیوری بوائے کا کردار میرے لیےایک حقیقت ہے، میں اس کردار کو اچھی طرح جانتا ہوں کیونکہ میں نے بھی انڈسٹری میں آنے سے پہلے بہت سے چھوٹے چھوٹے کام کیے ہیں، یہاں تک کہ ڈیلیوری بوائے کے گھر کے ماحول کے بارے میں بھی جانتا ہوں جہاں ایک بڑی فیملی صرف ایک کمرے میں سوتی ہو، میں نے اپنی حقیقی زندگی میں ایسا مشکل وقت دیکھا ہوا ہے۔