کراچی پر گہرے بادلوں کا صبح سے راج ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں بارش اور کہیں بوندا باندی ہونے جبکہ ملیر میں تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری کی اطلاعات ملی ہیں۔
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، نارتھ کراچی، گلستانِ جوہر اور اطراف کے علاقوں میں بوندا باندی ہو رہی ہے۔
پورٹ قاسم، اورنگی ٹاؤن، گلشنِ معمار کے مختلف علاقوں میں بارش جاری ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق شہر کے شمال اور شمال مشرق میں بادل بنے ہیں، جن کے باعث شہر کے مختلف حصوں میں بوندا باندی اور بارش ہو رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مغربی ہواؤں کے سلسلے کے تحت بننے والے گرج چمک کے بادل اونچائی پر بنتے ہیں، اس وقت بالائی سطح پر درجۂ حرارت بہت کم ہوتا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کا یہ بھی کہنا ہے کہ بارش آئس کے کرسٹل میں تبدیل ہوتی ہے، یہ آئس کرسٹل زمین پر ژالہ باری کا سبب بن رہے ہیں۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات نے اس حوالے سے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک پر بدستور اثر انداز ہو رہا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے اس سسٹم کے باعث کراچی میں آج کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا تھا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق اس سسٹم کے تحت قمبر، شہداد کوٹ، لاڑکانہ میں 20 مارچ تک گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ خیر پور، سکھر، گھوٹکی اور دیگراضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی اور بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمۂ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ کراچی، تھر پارکر، بدین اور ٹھٹھہ میں آج سے 20 مارچ کے دوران بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں 3 روزکے دوران درجۂ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔