امیرِ جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے وزیرِ خارجہ پاکستان و چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ہار قبول کرنے کا مشورہ دے دیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم نے کہا کہ الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کی بی ٹیم نہ بنے اپنے حق کے لیے سپریم کورٹ بھی جائیں گے، جلد پیپلز پارٹی کے خلاف وائٹ پیپر جاری کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ کسی کی فرمائش پر میئر نہیں بن سکتا، گنتی ٹھیک ہو جائے تو پیپلز پارٹی سے بات کر سکتے ہیں، جمہوریت کا راگ الاپنے والی پیپلز پارٹی آمریت سے بھرپور ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ مینڈیٹ کو تسلیم کرنے کی بجائے ڈی آر آوز کے ساتھ مل کر نتائج تبدیل کیے جا رہے ہیں، اکثریتی ووٹ لینے والوں کو تسلیم کیا جائے۔
امیرِ جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ زرداری صاحب بلاول کو سمجھائیں کہ خوشامدیوں کے پیچھے مت جائیں ،ہماری اکثریت کو تسلیم کریں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جماعتِ اسلامی دیگر جماعتوں کی طرح نہیں ہے کہ ڈھیل کرے، کراچی کے عوام نے مسائل کے حل کے لیے ہمیں ووٹ دیا ہے۔