وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں نمایاں کارکردگی دینے والے ایک لاکھ طلباء کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اسلام آباد میں ’ٹیلی اسکول پاکستان ایپلی کیشن‘ کا افتتاح کردیا۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے ٹیلی اسکول ایپ کے اجراء پر وفاقی وزیر تعلیم اور اُن کی ٹیم کو مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا فروغ اہم ہے، ایک لاکھ لیپ ٹاپ پاکستان بھر کے نمایاں کارکردگی دینے والے طلبا کو دیں گے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ٹیچرز ٹریننگ اس معیار کی نہیں ہے جو ہونی چاہیے، ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کو ٹھیک کرنے کے لیے اقدامات کیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیر تعلیم صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ٹیچرز ٹریننگ پروگرام مزید بہتر بنائیں۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ جدید تعلیم کو فروغ دینے کےلیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ دانش اسکول سسٹم کو بلوچستان میں بھی فروغ دیا جا رہا ہے، یتیم بچوں کی تعلیم کا انتظام حکومت کی ذمہ داری ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اساتذہ کی معیاری تعلیم کےلیے صوبوں کے ساتھ مل کر مربوط حکمت عملی بنائی جائے۔