• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مفت آٹے کا حصول زندگی اور موت کی جنگ بن گیا

ملک میں مفت آٹے کا حصول زندگی اور موت کی جنگ بن گیا، فیصل آباد میں آٹے کی تقسیم کے دوران بدنظمی سے بزرگ شہری جاں بحق ہوگیا۔

پشاور میں مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بدنظمی عروج پر رہی، شہریوں نے فلار ملز کے دروازے توڑ دیے، جبکہ ایک خاتون کا بازو ٹوٹ گیا۔

مفت آٹے کے حصول کے لیے حافظ آباد میں رش لگ گیا، دھکم پیل سے متعدد مرد اور خواتین زخمی ہوگئیں، ہجوم کو ہٹانے کےلیے پولیس نے تشدد بھی کیا۔

کمالیہ اور بہاولنگر میں بھی مفت آٹا لینے والوں کا رش لگ گیا۔

دوسری طرف ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے کہا ہے کہ مفت آٹے کی تقسیم کا سلسلہ پورے رمضان جاری رہے گا۔

فیصل آباد میں مفت آٹے کے حصول کےلیےشہریوں کی مشکلات برقرار رہیں، لمبی قطاراور طویل انتظار میں لوگ کھڑے، اس دوران ایک بزرگ شہری کی جان چلی گئی۔

شہر میں مفت آٹے کی تقسیم کے پوائنٹ پر سیکڑوں کی بجائے ہزاروں شہریوں کی آمد سے رش لگا ہوا ہے، جس سے شدید مشکلات کا سامنا ہے اور مفت آٹے کا تھیلا لینے کےلیے آنے والے مرد و خواتین خوار ہو رہے ہیں۔

لمبی قطاروں میں لگ کر کئی گھنٹوں کے انتظار کے بعد کبھی شناختی کارڈ کے بار کوڈ کا مسئلہ تو کبھی رجسٹریشن نہ ہونے اور کبھی مفت آٹے کےلیے نا اہل ہونے کے ایشوز پر شہری بغیر آٹا لیے مایوس لوٹنے پر مجبور ہیں۔

کلیم شہید پارک پوائنٹ پر مفت آٹا لینے کےلیے آنے والا 74 سالہ بزرگ طبیعت بگڑنے پر دم توڑ گیا۔

ورثاء کا کہنا ہے کہ مفت آٹا تو نہیں ملا مگر جان چلی گئی، اس پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد زبیر نے کہا کہ آٹے کی تقسیم میں کوئی بد نظمی نہیں ہوئی، بزرگ شہری کی موت پارک کے گیٹ سے باہر ہوئی ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کے حوالے سے بعض شہروں میں بد نظمی کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئےصوبائی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مفت آٹے کی فراہمی کے مراکز پر انتظامات بہتر بنائے جائیں۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ اپنے شہروں میں سینٹرز کے دورے کریں اور درپیش مسائل موقع پر حل کرکے رپورٹ پیش کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ بعض شہروں میں مفت آٹے کی فراہمی کے حوالے سے سامنے آنے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ مفت آٹے کے مراکز پر آنے والے شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات نہیں ہونی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ سینٹرز پر شہریوں کی تصدیق کا عمل کم سے کم وقت میں مکمل کیا جائے اور تصدیق کے بعد شہریوں کو بلا تاخیر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

پشاور کے علاقہ ناگمان میں نجی فلار ملز میں سرکاری مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بے نظمی پیش آئی۔

شہریوں نے متعلقہ فلار ملز کے دروازے توڑ دیے، محکمہ خوراک کے مطابق بےنظمی کے دوران ایک خاتون کا بازو ٹھوٹ گیا۔

ضلعی انتظامیہ متعلقہ ملز میں آج سے مفت آٹے کی تقسیم شروع کرنا چاہتی تھی۔

آٹے کی تقسیم کے لیے تیار ہونے والی ایپ میں فنی خرابی کے باعث آٹے کی تقسیم کل تک ملتوی کردی گئی، جس پر آٹے کے انتظار میں بیٹھے شہری مشتعل ہوگئے۔

قومی خبریں سے مزید