پشاور (نمائندہ جنگ) خیبر پختونخوا اسکواش ایسوسی ایشن کے زیرا ہتمام پی اے ایف ہاشم خان اسکواش کمپلیکس میں آئی سی ایم ایس جونیئر رمضان سمر کیمپ اور لیگ میچوں کا آغاز ہو گیا ،جس میں 40 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، کیمپ کا باقاعدہ افتتاح اسکواش ایسوسی ایشن کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری منور زمان نے کیا اس موقع کوچز اصغر خان، ریاض اور نذیر خان موجود تھے۔ دو ہفتے پر مشتمل کیمپ کے اختتام پر ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک تجمل حیات کھلاڑیوں میں اسناد اور انعامات تقسیم کریں گے۔ منور زمان نے کہا کہ اس سمر کیمپ میں انڈر 8، انڈر9، انڈر10، انڈر 11، انڈر 12 انڈر 13 اور انڈر 14 کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں ،کھلاڑی صبح اور شام کو اس سمر کیمپ میں حصہ لیکر اپنی پریکٹس کر رہے ہیں ،سمر کیمپ کیلئے خصوصی طور پر تین الگ کوچزکا بندوبست کیا گیا ہے، خیبر پختونخوا اسکواش ایسوسی ایشن نے کمسن کھلاڑیوں کے لئے سمر کیمپ کا انعقاد کر رہی ہے، تاکہ کھلاڑیوں کو نہ صرف کھیلنے کے مواقع مل سکے بلکہ وہ اپنی گیم پر بھرپور توجہ دیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس سمرکیمپ میں 14 کیٹگریز کے کھلاڑی کے شامل کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی اے ایف ہاشم خان اسکواش کمپلیکس میں اس وقت کمسن کھلاڑیوں کی تعداد پانچ سو تک پہنچ گئی اور وہ روزانہ کی بنیاد پر پریکٹس کیلئے آتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان ائرفورس کی کوششوں کوسراہتے ہوئے کہاکہ پی اے ایف اسکواش اکیڈمی بنیادی تربیت سے لیکر قومی اور بین الاقوامی سطح تک رسائی پر بھر پور توجہ دے رہی ہے ۔