پیپلز پارٹی سندھ کے سینئر رہنما منظور وسان نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک میں اس سال بڑے فیصلے ہونے والے ہیں اور بڑی تبدیلیاں بھی ہوں گی۔
ایک بیان میں منظور وسان نے کہا کہ ملک میں ایمرجنسی بھی لگ سکتی ہے، نگراں سیٹ اپ یا کچھ وقت کےلیے نیوٹرل حکومت بھی آسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہےکہ الیکشن ہوں، حالات بتا رہے ہیں کہ الیکشن وقت پر نہیں ہوں گے، ہوسکتا ہے 8 اکتوبر کو بھی الیکشن نہ ہوسکیں۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ اگر حکومت کے پاس فنڈز بھی نہیں ہوں گے تو عام انتخابات کرانا مشکل ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب عمران خان کی گرفتاری کوئی معنی نہیں رکھتی، بہت کچھ ہونے والا ہے، وفاق کو کمزور کرنےکی سازش کی جارہی ہے، کچھ بھی ہوسکتا ہے۔
منظور وسان نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کو وزیراعظم بنتا یا اقتدار میں آتا نہیں دیکھ رہا، رواں سال مختلف سیاسی پارٹیوں میں دھڑے بندیاں ہونا شروع ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مہنگائی کے خلاف ایکشن لے رہی ہے، ن لیگ بھی ہے مگر پیپلز پارٹی کے اقتدار میں آنے کے چانسز بہت زیادہ ہیں۔