• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اغواء برائے تاوان کے الزام میں گرفتار اہلکاروں سمیت 5 ملزمان کا جسمانی ریمانڈ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے منتظم جج نے شہریوں کو جھانسہ دے کر اغواء برائے تاوان کی وارداتوں سے متعلق کیس میں گرفتار پولیس اہلکاروں سمیت 5 ملزمان کو31 مارچ تک کے جسمانی ریمانڈ پر اے وی سی سی پولیس کے حوالے کردیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ بھی طلب کرلی ہے ۔ ہفتے کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے منتظم جج کے روبرو اے وی سی سی پولیس کی جانب سے شہریوں کو جھانسہ دے کر اغواء برائے تاوان کی وارداتوں سے متعلق کیس میں گرفتار پولیس اہلکاروں سمیت 5 ملزمان کوپیش کیاگیا ۔ تفتیشی افسر کی جانب سے ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر دینے کی استدعا کی گئی ۔ پولیس کی جانب سے مؤقف اختیار کیاگیا کہ گرفتار ملزمان میں برطرف پولیس اہلکار محبوب اور آصف شامل ہیں جبکہ دیگر ملزمان میں مختیار،ریاض اور کاشف شامل ہیں۔ اے وی سی سی نے نارتھ ناظم آباد تھانے کی چھت پر چھاپہ مار کر تین شہریوں کو بازیاب کرایا تھا ،ملزمان نے شہریوں کے اہلخانہ سے 50 لاکھ تاوان طلب کیا تھا ،بعد ازاں مغویوں کے اہلخانہ سے 5 لاکھ روپے طے پائے تھے ۔تفتیشی افسر کی جانب سے استدعا کی گئی کہ ملزمان سے مزید تفتیش باقی ہے اس لئے ان کو جسمانی ریمانڈ پر دیا جائے ۔عدالت نے تمام ملزمان کو 31 مارچ تک کے جسمانی ریمانڈ پر اے وی سی سی پولیس کے حوالے کردیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔
شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید