کراچی میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بھانجے بیرسٹر حسان نیازی کے خلاف جمشید کوارٹر تھانے میں اشتعال انگیز تقریر کرنے کے خلاف شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
جمشید کوارٹر تھانے میں محمد اقبال نامی شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مدعی اقبال نے پولیس کو بیان دیا کہ گھر پر واٹس ایپ استعمال کرتے ہوئے ایک شخص کی وڈیو سامنے آئی، ویڈیو میں وہ شخص انٹرویو دے رہا تھا۔
شہری کے مطابق انٹرویو میں اس شخص نے کہا کہ اگر عمران خان گرفتار ہوئے تو کسی کا خیال نہیں رکھا جائے گا، دما دم مست قلندر ہوگا اور اس ملک میں خانہ جنگی ہوگی۔
مدعی اقبال نے بتایا کہ اس شخص کا نام حسان نیازی عرف حفیظ اللّٰہ نیازی معلوم ہوا، وہ شخص ساتھیوں کی مدد سے عوام کو بغاوت پر اکسا رہا تھا۔
حسان نیازی سابق اور موجودہ دفاعی اداروں کے سربراہان کو کوڈ ورڈ میں مخاطب کرکے دھمکا رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق پولیس حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے آج پنجاب روانہ ہوسکتی ہے۔