• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع ہوگیا، جس کے آغاز ہی میں اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے نعرے بازی کی۔

پی ٹی آئی سینیٹر شہزاد وسیم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ملک میں آزاد آوازوں کا گلا دبایا جا رہا ہے، قومی اسمبلی کا ایوان مکمل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے جانے کے بعد ہم آج ایوان میں آئے، پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے، اس کی قدر اراکین سے زیادہ کون کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بےنظیر بھٹو کی شہادت ہوئی، دہشت گردی بھی دیکھی مگر الیکشن ہوئے، ہم نے دیکھا کہ عدلیہ کے خلاف منظم مہم شروع کی گئی۔

پی ٹی آئی سینیٹر نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی کردیے، اور کہا کہ سیکورٹی صورت حال بہتر نہیں، اس ادارے پر تنقید کریں تو کہا جاتا ہے کہ توہین ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اداروں کو مضبوط کرنا ہے تو ان کے فیصلوں کو تسلیم کرنا ہوگا، آج کسی کی دہلیز اور چار دیواری محفوظ نہیں ہے۔

شہزاد وسیم نے یہ بھی کہا کہ اگر آپ اپنا کام ٹھیک نہ کریں تو تنقید ہوگی، سپریم کورٹ کا فیصلہ کسی کی ذات کا فیصلہ نہیں ہوتا، جس کو دل کیا اٹھالیا جس کو دل کیا تشدد کا نشانہ بنالیا۔

قومی خبریں سے مزید