• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جلاؤ گھیراؤ کا مقدمہ: اسد عمر اور فرخ حبیب کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج

فائل فوٹو
فائل فوٹو

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنماؤں اسد عمر اور فرخ حبیب کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے فیصلہ سنایا۔

عدالت نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کی عبوری ضمانت کی درخواست عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کی۔

عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کی حاضری سے معافی کی درخواست بھی خارج کر دی۔

اسد عمر کی جانب سے درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ اسلام آباد میں درج مقدمے میں شامل تفتیش ہونا ہے، الیکشن کمیشن اسلام آباد نے بھی ان کو نوٹس جاری کررکھا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت اسد عمر کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے جے آئی ٹی بنا دی ہے، ملزمان شاملِ تفتیش نہیں ہوئے۔

عدالت نے زبیر نیازی اور یاسمین راشد سمیت دیگر ملزمان کو شاملِ تفتیش ہونے کا حکم دے دیا جبکہ 3 دیگر شریک ملزمان کی عبوری ضمانت میں 7 مارچ تک توسیع کر دی ۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کےخلاف شادمان پولیس نے توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید