• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ’جاوید اقبال‘ کا نام تبدیل، سینسر بورڈ میں منظوری کیلئے دوبارہ پیش کیا جائے گا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

تنازعات کا شکار پاکستانی ایوارڈ یافتہ فلم ’جاوید اقبال: دی ان ٹولڈ اسٹوری آف اے سیریل کلر‘ کا نام تبدیل ہوگیا، اسے اب ایڈیٹنگ کے بعد سینسر بورڈ میں منظوری کے لئے دوبارہ جمع کروایا جائے گا۔

فلم ساز ابو علیحہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی فلم ’جاوید اقبال: دی ان ٹولڈ اسٹوری آف اے سیریل کلر‘ کا نام تبدیل کرکے ’ککڑی‘ رکھ دیا ہے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فلم کی ریلیز میں حائل رکاوٹوں کے باعث فلم کا نام تبدیل کیا گیا ہے جبکہ اس فلم کے کچھ متنازع سینز بھی ایڈیٹ کئے جائیں گے، جس کے بعد فلم کو سینسر بورڈ سے منظوری کے لئے دوبارہ پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے فلم کو بڑے پردے پر لانے کے لیے عزم کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ فلم کا نیا نام ’ککڑی‘ مرکزی کردار جاوید اقبال کی عرفیت پر مبنی ہے، اسے اس کے بیٹھنے کے طریقے پر یہ نام پکارا جاتا تھا۔

انہوں نے سینسر بورڈ کی جانب سے بتائی گئی تبدیلیوں کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ سینسر بورڈ کی جانب سے جو تبدیلیاں کی گئی ہیں ان میں کٹوتی کم اور اضافہ زیادہ ہے اگرچہ فلم پہلے 95 منٹ کی تھی جو ایڈیٹنگ کے بعد 105 منٹ تک کی ہوجائے گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اگر سینسر بورڈ سے اجازت مل گئی تو فلم کو عید الفطر کے بعد اور عیدالاضحیٰ سے قبل نمائش کے لئے پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ فلم ’ککڑی‘ ایک سیریل کلر جاوید اقبال کی حقیقی کہانی پر مبنی ہے جس نے 1999 میں لاہور میں 100 بچوں کو قتل کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید