بالی ووڈ کے مشہور اداکار اکشے کھنہ نے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرلیا اور ایک ہی سال میں عالمی باکس آفس سے 2000 کروڑ بھارتی روپے کی کمائی کر کے دوسرے بھارتی اداکار بن گئے۔ یہ ریکارڈ پہلے صرف شاہ رخ خان کے پاس تھا۔
اکشے کھنہ نے 2025 میں اپنی دو ہٹ فلموں چھاوا اور دھریندر کے ذریعے شائقین اور ناقدین کی توجہ حاصل کی۔ 50 سالہ اداکار نے دونوں فلموں میں منفی کردار ادا کیے اور کامیابی کے نئے ریکارڈز قائم کیے۔
چھاوا میں انہوں نے مغل بادشاہ اورنگزیب کا کردار ادا کیا، جس میں بھارتی اداکار وکی کوشال بھی اہم کردار میں نظر آئے۔ یہ تاریخی ڈرامہ فلم جنوری 2025 میں ریلیز ہوئی اور اس نے عالمی سطح پر 809 کروڑ بھارتی روپے کی کمائی کی اور کئی مہینوں تک سال کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلم رہی۔
دسمبر میں اکشے کھنہ نے پاکستان مخالف پروپیگنڈا فلم دھریندر میں رحمان ڈکیت کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے فلم میں رنویر سنگھ، سنجے دت، آر مادھون اور ارجن رام پال سمیت دیگر مرکزی اداکاروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
دھریندر نے بھارت میں سب سے زیادہ کمائی کی اور عالمی سطح پر 1167 کروڑ بھارتی روپے کی باکس آفس کمائی کے ساتھ ریکارڈ قائم کیا، جس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔