پاکستان کی معروف ٹی وی اداکارہ صبا فیصل کے نئی شادی شدہ خواتین کے لیے مشورے سوشل میڈیا پر شدید تنازع کا سبب بن گئے۔
صبا فیصل نے اپنے طویل شوبز کیریئر میں متعدد مشہور ڈراموں میں کام کیا ہے، وہ ایک بڑی جوائنٹ فیملی میں رہتی ہیں، اکثر شادی شدہ خواتین کو پُرامن ازدواجی زندگی کے لیے مشورے دیتی ہیں، تاہم ان کے حالیہ بیانات کو جدید دور کے لحاظ سے پرانے دور کے طرزِ فکر کے طور پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ یہ سب کو معلوم ہے کہ دوپہر کے کھانے کے بعد تھوڑی نیند ہاضمے کے لیے مفید ہے اور رات کے کھانے کے بعد چہل قدمی فائدہ مند ہے، آج کل ہماری مصروف زندگی کی وجہ سے یہ چیزیں ختم ہوگئی ہیں، لیکن یہ ضروری ہیں، بہتر ہے کہ ساس خود بہو کو نیند کے لیے وقفہ لینے کی اجازت دے، لیکن اگر ایسا نہ ہو تو نرم لہجے میں پوچھ لیں، کیا میں تھوڑی دیر کے لیے سو لوں؟ لیکن اگر آپ حکم دے کر کہیں کہ اب میں تھک گئی ہوں، میں جا کر سوتی ہوں تو یہ نامناسب سمجھا جائے گا۔
اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین، خاص طور پر شادی شدہ خواتین نے سخت ردعمل دیا۔
ایک صارف نے کہا کہ براہ کرم، کوئی ایسا نہیں کرتا، یہ 18ویں صدی نہیں وقت کے ساتھ چلیں، ایک اور نے کہا کہ آنٹی نے اپنی زندگی ساس کو خوش کرنے میں گزار دی، ایک شادی شدہ خاتون نے لکھا کہ اوہ، تو صرف 15 منٹ کی نیند کے لیے اجازت لینی ہوگی؟ یہ خیال کتنا مضحکہ خیز ہے۔
ایک اور نے سوال کیا کہ یہ ساس کا گھر ہے یا جیل، جہاں بغیر اجازت کچھ نہیں کیا جا سکتا؟