راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے راولپنڈی میں ڈینگی کی روک تھام کیلئے سرکاری محکموں کے اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر راولپنڈی میں ڈینگی کی وباء پھیلی تو اسکے ذمہ دار متعلقہ سرکاری محکمے ہونگے۔ جو لوگ اپنے فرائض خوش اسلوبی سے سرانجام نہیں دینگے انہیں فارغ کر دیا جائیگا۔ مشیر صحت نے کہا کہ سرکاری محکمے عید کی چھٹیوں کے دوران بھی انسداد ڈینگی کی سرگرمیاں جاری رکھیں اور ڈینگی پر قابو پانے کیلئے جو ذمہ داریاں انہیں سونپی گئی ہیں ان سے ہرگز پہلوتہی نہ برتیں۔ اُنہوں نے یہ ہدایات جمعرات کو ڈی سی او آفس راولپنڈی میں انسداد ڈینگی اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل، اے ڈی سی (جی) نازیہ پروین سدھن، اے ڈی سی عارف رحیم، اے سی کینٹ ڈاکٹر ستائش سمیت متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ مشیر وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق ڈینگی کیخلاف زیرو ٹالرنس کے تحت کام کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ برس راولپنڈی میں ڈینگی مریضوں کی غیر معمولی تعداد کے پیش نظر رواں سال زیادہ خبردار رہنے کی ضرورت ہے۔ بارش کا پانی مختلف مقامات پر جمع ہو کر ڈینگی لاروا کی افزائش کا موجب بن سکتا ہے۔ قبل ازیں ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے ڈینگی پر قابو پانے کیلئے جاری کی گئی ہدایات اور اب تک انضباطی کارروائیوں کے بارے میں بتایا۔ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ارشد محمود صابر نے محکمہ صحت اور دیگر محکموں کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔