• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بغاوت پر اکسانے کا کیس: شہباز گِل پر فرد جرم ایک بار پھر مؤخر

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گِل پر بغاوت پر اکسانے کے کیس میں فرد جرم ایک بار پھر مؤخر ہو گئی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں شہباز گِل کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔

ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس کی عدالت میں شہباز گِل پیش ہوئے۔

شہباز گِل کے خلاف کیس کی سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔

پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کی جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ سالگرہ مبارک ہو آپ کو! 

ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ مطلب اپریل فول کا میسج پہنچ گیا آپ کو۔ 

جج نے شہباز گِل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ تو بیرون ملک جا رہے ہیں۔

شہباز گِل نے کہا کہ آپ کی سالگرہ کی خوشی میں باہر جا رہا ہوں، جنرل شعیب کے فیصلے پر سلام ہے آپ کو۔

جج نے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ بہت شکریہ لیکن آپ کی پاکستان واپسی کب ہے؟

شہباز گِل نے کہا کہ دور جانا ہے، تھوڑی مہربانی کر دیں!

ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سِپرا نے شہباز گِل سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ کو کون سا پیدل جانا ہے۔

شریکِ ملزم کے وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ابھی موصول نہیں ہوا۔

جج نے وکیل کو ہدایت کی کہ درخواست لکھ کر جمع کرا دیں۔

واضح رہے کہ ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس نے بغاوت پر اکسانے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کو آج حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔

گزشتہ سماعت پر شہباز گِل عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے جس وجہ سے ان پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی تھی۔

گزشتہ سماعت پر شہباز گِل فیصل آباد میں انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے باعث پیش نہیں ہوئے تھے۔

کچھ روز قبل لاہور ہائی کورٹ شہباز گِل کو چار ہفتوں کے لیے ملک سے باہر جانے کی اجازت دے چکی ہے۔

عدالت نے شہباز گِل کا نام ای سی ایل میں ڈالنے پر رپورٹ بھی طلب کر رکھی ہے۔

قومی خبریں سے مزید