• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایمرجنسی دفن، نظریہ ضرورت دفن، آئین زندہ باد، شاہ محمود

فوٹو،اسکرین گریب
فوٹو،اسکرین گریب

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عدالتِ عظمیٰ نے آج نظریہ ضرورت کو دفن کردیا اور آئین کے تقدس کو بحال کردیا، آج سیاسی تاریخ کا اہم ترین دن ہے۔

الیکشن التوا کیس کا فیصلہ آنے کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایمرجنسی دفن، نظریہ ضرورت دفن، آئین زندہ باد۔

انہوں نے کہا کہ جسٹس منیر اور نظریہ ضرورت کے پیروکاروں کو شکست ہوئی ہے، شفاف انتخابات کے لیے تمام جماعتوں کو دعوت دیتا ہوں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کو دوسری مرتبہ وزیراعظم بنانے کی منصوبہ بندی کرلو، پنجاب اور پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت ہوگی، عمران خان نے خوف کا بت توڑا اور آگے بڑھے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہمارے خلاف فیصلہ آیا تو ہم نے تسلیم کیا، ہم نے ججوں کو دھمکیاں نہیں دیں۔

اس موقع پر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ عدالت نے پنجاب میں 30 اپریل کے بجائے اکتوبر میں الیکشن کرانے کا فیصلہ غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیا۔

’ہم ڈائیلاگ کے لیے اب بھی تیار ہیں‘

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ عدالت نے پنجاب کی نگراں اور وفاقی حکومت کے تمام عہدیداروں کو الیکشن کمیشن کی بھرپور مدد کا پابند کیا، عدالتی حکم کے تحت وفاقی حکومت الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن کو 20 ارب روپے فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ فنڈز کی فراہمی میں تاخیر اور نافرمانی پر عدالت کارروائی کرے گی، آئی جی پولیس، آرمڈ فورسز اور رینجرز الیکشن کے لیے سیکیورٹی فراہم کرے گی۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پنجاب کے الیکشن کا فیصلہ سنا دیا ہے، صوبے میں 14 مئی کو الیکشن ہوں گے، ہم ڈائیلاگ کے لیے اب بھی تیار ہیں۔

قومی خبریں سے مزید