وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللّٰہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کو کابینہ کے فیصلے پر عمل کرنا چاہیے، اسے روکنا مناسب نہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں وزیر داخلہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بڑے مضر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، عدالت عظمیٰ میں تقسیم میں ضد اور انا کا عنصر نظر آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے بھی عدالتی فیصلوں کی سزا ملک بھگت رہا ہے، یہ فیصلہ قابلِ عمل نہیں ہے، مسترد کرنے سے بڑھ کر پارلیمنٹ میں فیصلہ کیا جائے گا۔
رانا ثناءاللّٰہ نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ جیسے رہنمائی کرے گی مسترد کرنے سے بڑھ کر فیصلہ کریں گے، پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ کے آمنے سامنے ہونے کی بات سپریم کورٹ کی طرف سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے معزز جج نے خط لکھا جس پر کابینہ نے عمل کیا اور رجسٹرار کو ہٹایا گیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کو کابینہ کے فیصلے پر عمل کرنا چاہیے اسے روکنا مناسب نہیں، آئین میں ایمرجنسی کا آرٹیکل موجود ہے، کہیں گیا نہیں۔