• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہراسانی کیس پر صدرِ مملکت عارف علوی کی وفاقی محتسب کو ہدایت

صدرِ مملکت عارف علوی—فائل فوٹو
صدرِ مملکت عارف علوی—فائل فوٹو

مبینہ جنسی ہراسانی کیس کے حوالے سے صدرِ مملکت عارف علوی نے وفاقی محتسب انسدادِ ہراسیت کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی محتسب ایئر یونیورسٹی اسلام آباد میں مبینہ ہراسانی کیس میں فریقین کو شنوائی کا موقع دے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ وفاقی محتسب دونوں فریقین کو سننے کے بعد ازسرِنو فیصلہ کرے، خاتون شکایت کنندہ کی شکایت کو لاپروائی سے مسترد کیا گیا، شکایت کنندہ کے ملزم کے خلاف بیان کردہ الزامات سنگین نوعیت کے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ درست نتیجے پر پہنچنے کے لیے مناسب تحقیقات اور شواہد کی ضرورت ہے، محتسب نے طریقہ کار پر عمل کرنے کے بجائے شکایت کے مندرجات کی بنیاد پر نتیجہ اخذ کیا۔

صدر عارف علوی کا کہنا ہے کہ شکایت کنندہ کو ثبوت پیش کرنے یا نمائندے سے جرح کرنے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا گیا۔

صدرِ مملکت کا کہنا ہے کہ محتسب نے خود کہا کہ شکایت کنندہ کی طرف سے لگائے گئے الزامات سنگین نوعیت کے ہیں، الزامات کی سنگینی کے پیشِ نظر فریقین کو سننے اور متعلقہ شواہد پیش کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ یونیورسٹی کی ملازمہ نے انسدادِ ہراسیت محتسب کو شکایت درج کرائی تھی، خاتون نے یونیورسٹی کے اعلیٰ عہدے دار کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔

محتسب نے خاتون کی شکایت کو معقول شک سے بالاتر ثابت کرنے میں ناکامی پر مسترد کر دیا تھا۔

خاتون شکایت کنندہ نے انسدادِ ہراسیت محتسب کے حکم کے خلاف صدر کو درخواست دی تھی۔

قومی خبریں سے مزید