• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی کابینہ اجلاس میں پنجاب الیکشن کیلئے فنڈز کی منظوری نہ دی جاسکی

وفاقی کابینہ اجلاس میں پنجاب اسمبلی الیکشن کےلیے 21 ارب روپے کے اجراء کا فیصلہ نہ ہوسکا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والا وفاقی کابینہ اجلاس ختم ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں پنجاب الیکشن کےلیے فنڈز کی منظوری نہیں دی جاسکی۔

وفاقی کابینہ نے پنجاب اسمبلی الیکشن کےلیے فنڈز جاری کرنے کے عدالتی حکم پر قومی اسمبلی سے رائے لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے پنجاب انتخابات کےلیے فنڈز کا معاملہ قومی اسمبلی بھجوانے کی منظوری دے دی۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں وزارت خزانہ کو 21 ارب روپے الیکشن کمیشن کو دینے کا حکم دیا تھا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پنجاب اسمبلی انتخابات کےلیے الیکشن کمیشن کو فنڈز دینے ہیں یا نہیں؟ اس کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں کابینہ ارکان نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے جو فیصلہ کرے۔

سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو ہدایت کر رکھی ہے کہ پنجاب الیکشن کےلیے الیکشن کمیشن کو 10 اپریل تک 21 ارب روپے کا فنڈ فراہم کرے۔

وفاقی کابینہ 2 گھنٹے کے اجلاس میں بھی پنجاب میں الیکشن کےلیے 21 ارب روپے دینے یا نہ دینے کا فیصلہ نہیں کر سکی۔

کابینہ اجلاس میں وزارتِ خزانہ کو وزارتِ قانون سے مشاورت کی ہدایت کردی، معاملے پر وفاقی کابینہ کا ایک اور اجلاس صبح ہوگا۔

سپریم کورٹ نے 4 اپریل کو حکم دیا تھا کہ وفاق 10 اپریل تک 21 ارب روپے الیکشن کمیشن کو دے، الیکشن کمیشن 11 اپریل کو رقم سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروائے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ اجلاس 2 گھنٹے تک جاری رہا۔

اجلاس نے ’چار۔ تین‘ کے تناسب سے آنے والے عدالتی حکم اور چار معزز جج صاحبان کے تفصیلی فیصلے پر غور کیا جبکہ 6 اپریل کو قومی اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد پر تفصیلی مشاورت کی۔

وزیرقانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اجلاس کو مختلف آئینی و قانونی امور پر بریفنگ دی اور کابینہ کے ارکان کے سوالات کے جواب دیے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لینے اور تفصیلی مشاورت کے بعد کابینہ نے متفقہ طور پر وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ وزارت قانون کی مشاورت سے اس معاملے میں پارلیمان سے رہنمائی حاصل کرنے کے لیے طریقہ کار اور ضابطہ کے مطابق سمری تیار کرے اور کل کابینہ کے اجلاس میں پیش کرے۔

اجلاس نے طے کیا کہ کابینہ کا اجلاس کل دوبارہ بلایا جائے تاکہ مستقبل کی حکمت عملی سے متعلق فیصلہ کیا جاسکے۔

ووسری طرف ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب میں انتخابات کےلیے الیکشن کمیشن کو فنڈز کی فراہمی پر فیصلہ نہ ہوسکا اور معاملہ پارلیمنٹ میں لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید