سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ وہ اور ان کا ادارہ سپریم کورٹ آئین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آئین پاکستان میں سب سے اہم بنیادی حقوق ہیں۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں دستور کنونشن میں شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ یہ سوچ کر آئے تھے کہ یہاں سیاسی نہیں آئینی باتیں ہوں گی، وہ اپنی موجودگی کے دوران یہاں ہونے والی سیاسی باتوں سے متفق نہیں۔
سپریم کورٹ کے جسٹس نے مزید کہا کہ اپنی اور سپریم کورٹ کی طرف سے کہنا چاہتے ہیں کہ ’ہم آئین کےساتھ کھڑے ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس آئین کو اپنے دل سے لگانا چاہیے، اس میں سب سے اہم بنیادی حقوق ہیں۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے یہ بھی کہا کہ آپ کی طرح میں نے بھی آئین پر عمل اور اس کے تحفظ کا حلف اٹھایا ہے، کل آپ یہ نہیں کہیے گا کہ ہم نے آپ کو بلایا پھر بھی ہمارےخلاف فیصلہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم دشمنوں سے اتنی نفرت نہیں کرتے جتنی ایک دوسرے سے کرتے ہیں۔