• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور ہائیکورٹ نے محمد خان بھٹی کے جسمانی ریمانڈ کیخلاف درخواست نمٹادی

لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے دور کے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کا اینٹی کرپشن کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کے خلاف درخواست دی گئی۔

درخواست میں سینئر سول جج منڈی بہاؤالدین اور ایڈیشنل سیشن جج منڈی بہاؤالدین کو فریق بنایا گیا تھا۔

عدالت عالیہ نے درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی اور کیس نمٹادیا۔

جسٹس علی ضیاء باجوہ نے محمد خان بھٹی کی درخواست پر سماعت کی، سرکاری وکلاء نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا۔

سرکاری وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ سینئر سول جج نے قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے محمد خان بھٹی کا جسمانی ریمانڈ دیا۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ 5 اپریل کو سینئر سول جج منڈی بہاؤ الدین نے ایک وقت میں7 دن کےلیے جسمانی ریمانڈ دیا۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ اینٹی کرپشن کے حوالے کرنے کے خلاف ایڈیشنل سیشن جج کو اپیل کی جو مسترد کردی گئی۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ایک ہی مقدمہ میں بیک وقت 7 روزہ جسمانی ریمانڈ دینا ناانصافی اور خلاف قانون ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت سینئر سول جج منڈی بہاؤ الدین کے جاری کردہ جسمانی ریمانڈ کو کالعدم قرار دے۔

درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی کہ عدالت ایڈیشنل سیشن جج کے اپیل مسترد کرنے کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دے۔

قومی خبریں سے مزید