سکھر (بیورو رپورٹ) سول اسپتال سکھر کے ملازمین نے 14ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف اسپتال کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔ مظاہرے کی قیادت عبدالباقی منگریو نے کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ سول اسپتال کے لوئر اسٹاف ملازمین کو گزشتہ14ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں جس کے باعث ملازمین سخت مشکلات سے دوچار ہیں اور مالی بحران میں مبتلا ہیں۔ ملازمین کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آچکی ہے، رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث ملازمین اور ان کے اہلخانہ مسائل سے دوچار ہیں اور عید بھی قریب آرہی ہے ، تنخواہیں ادانہ کئے جانے سے ہمارے بچوں کی عید کی خوشیاں بھی ماند پڑتی دکھائی دے رہی ہیں، ہمیں اور ہمارے بچوں کو عید کی خوشیوں سے محروم کیا جارہا ہے۔ مظاہرین نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزیر صحت جام مہتاب ڈھر سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کی 14ماہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا فوری طورپر نوٹس لیا جائے اور تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنایاجائے تاکہ ملازمین اور ان کے اہلخانہ میں پھیلی ہوئی مایوسی کو ختم کیا جا سکے۔