• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ بل کیخلاف سماعت، پاکستان بار کونسل کا آج ہڑتال کا اعلان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

چیف جسٹس پاکستان کے از خود نوٹس سے متعلق سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے خلاف درخواستوں کی سماعت آج ہو گی۔

پاکستان بار کونسل نے بینچ کی تشکیل کے خلاف آج پاکستان بھر میں ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

پاکستان بار کونسل اور صوبائی کونسلوں کی منتخب قیادت کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مقدمے کو عجلت میں سماعت کے لیے مقرر کرنے کا اقدام اعلیٰ عدالت کو تقسیم کرنے کے مترادف ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ ہونے سے قبل ہی یکطرفہ اور متنازع بینچ تشکیل دیا گیا، وکلاء رہنماﺅں نے متفقہ طور پر اس اقدام کو اعلیٰ عدالت کو تقسیم کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ عدالتی تاریخ میں کبھی پارلیمان کے بنائے گئے کسی قانون کو نافذ العمل ہونے سے نہیں روکا گیا، قانون سازی کو نافذ العمل ہونے سے پہلے روکنے کی مزاحمت کی جائے گی۔

پاکستان بار کونسل نے کہا کہ اس غیر منصفانہ اقدام کے خلاف ملک بھر کے وکلا آج عدالتوں کا بائیکاٹ کریں گے، بائیکاٹ کا فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان بار کونسل کے ملک بھر کے منتخب نمائندہ رہنماﺅں کا اجلاس 17 اپریل کو اسلام آباد میں ہو گا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ یہ قانون سازی 12 اکتوبر 2019ء کو آل پاکستان وکلا کنونشن کی منظور کردہ قرارداد کے عین مطابق ہے، وکلا برادری اسے نافذ العمل ہونے سے روکنے کی بھرپور مزاحمت کرے گی۔

قومی خبریں سے مزید