• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھکر: 1 کیس میں علی امین گنڈا پور کا 3 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر

بھکر کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کو ایک دوسرے کیس میں 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

مجسٹریٹ محمد وسیم نے پولیس کی علی امین گنڈا پور کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کر لی۔

علی امین گنڈا پور کےخلاف تھانہ سرائے مہاجر میں مقدمہ درج تھا ۔

گرفتار پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کو تیسرے مقدمے میں کل اے ٹی سی سرگودھا میں پیش کیا جائے گا۔

علی امین گنڈا پور اسلحہ برآمدگی کیس سے ڈسچارج

اس سے پہلے گرفتار پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کو بھکر کے سینئر سول جج آصف نیاز کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے علی امین گنڈا پور کو غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کیس سے ڈسچارج کر دیا۔

غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کیس سے ڈسچارج  کیے جانے کے بعد علی امین گنڈا پور کو دوسرے مقدمے میں بھکر کے سول جج محمد وسیم کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

علی امین کو اسلحہ کیس میں زبردستی نامزد کیا گیا: وکیل

علی امین گنڈا پور کے وکیل رفیق احمد نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور کو ناجائز اسلحہ کیس میں زبردستی نامزد کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ عدالت نے علی امین کو اسلحہ کیس سے ڈسچارج کر دیا ہے۔

علی امین کو آج ہی اسلام آباد سے بھکر منتقل کیا گیا

اس سے قبل آج علی امین گنڈا پور کو اسلام آباد سے تھانہ صدر بھکر منتقل کیا گیا تھا۔

علی امین گنڈا پور کے خلاف بھکر کے تھانوں میں دہشت گردی اور اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت 3 مقدمات درج ہیں۔

علی امین گنڈا پور کا راہدری ریمانڈ

اس سے بھی پہلے پولیس  نے بھکر منتقلی کے لیے رہنما پی ٹی آئی علی امین گنڈا پور کا راہدری ریمانڈ حاصل کیا تھا۔

ڈی پی او محمد نوید کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور بھکر میں درج 3 مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہیں۔

علی امین گنڈا پور کے راہداری ریمانڈ کا حکم نامہ جاری

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے علی امین گنڈا پور کے 2 روزہ راہداری ریمانڈ کا حکم نامہ جاری کر دیا۔

ڈیوٹی مجسٹریٹ نوید خان نے 3 مقدمات کا حکم نامہ جاری کیا۔

حکم نامے کے مطابق علی امین گنڈا پور پر تھانہ سرائے مہاجر بھکر میں پہلا مقدمہ درج ہے، بھکر پولیس کی استدعا پر علی امین کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے۔

عدالت کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بھکر میں دوسرے درج مقدمے میں علی امین کا 2 روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا گیا۔

عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ بھکر میں ہی درج تیسرے مقدمے میں علی امین گنڈا پور کا ایک روز کا راہداری ریمانڈ منظور کیا گیا ہے۔

حکم نامے کے ذریعے عدالت نے ہدایت کی ہے کہ علی امین گنڈا پور کو 15 اپریل کو متعلقہ اے ٹی سی میں پیش کیا جائے۔

قومی خبریں سے مزید