• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پچھلی حکومت کی مہنگائی کے اثرات اب تک بھگت رہے ہیں، شازیہ مری


وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت شازیہ مری نے کہا ہے کہ عوام کو پاکستان کے معاشی حالات کے باعث کافی مسائل کا سامنا ہے، پچھلی حکومت کی مہنگائی کے اثرات اب ہم بھگت رہے ہیں۔

 شازیہ مری نے پریس کانفرنس میں ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک بٹن دبانے سے مہنگائی ختم نہیں ہوتی۔

اُنہوں نے کہا کہ اس وقت متوسط طبقہ بھی مہنگائی سے متاثر ہورہا ہے، ہمارا ایک سال معاشی سماجی اعتبار سے کافی مشکل رہا، قدرتی آزمائشوں نے بھی پاکستان میں غریب طبقے کو مشکل میں ڈالا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ سیلاب کی تباہ کاری نے بہت مشکلات پیدا کیں، آج بھی کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہے۔ 

شازیہ مری  نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 70 فیصد رقم کا اضافہ ہوا ہے، آج 9 ملین خاندان بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا حصہ بن چکے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ کی رقم 7 ہزارسے بڑھ کر 8 ہزار750 کردی گئی، جنوری تا مارچ سہ ماہی قسط 8500 روپے اور اپریل تا جون کی قسط 9000 کردی گئی،  تعلیمی وظائف 2.6 ملین روپے سے بڑھا کر 7.1 ملین روپے کیے گئے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ آج ملک میں بینظیر نشوونما کے 472 سینٹر کام کر رہے ہیں،اب ہماری متحرک رجسٹری سے اندراج کے عمل میں تیزی آئی ہے، اس سے مزید مستحکین پروگرام میں شامل ہوئے ہیں، ڈائنامک رجسٹری مفت ہے یعنی اس کی کوئی فیس نہیں ہے۔

شازیہ مری نے بتایا کہ بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام نے سیلاب زدہ علاقوں میں اپنے بجٹ سے 1 ارب روپے سے بچوں اور حاملہ خواتین کو نشونما ساشے مہیا کیے۔

اُنہوں نے بتایا کہ 16.7 ارب روپے فیول سبسڈی کے طور پر 2000 روپے فی خاندان دیےگئے۔ 

اُنہوں نے مزید بتایا کہ تقریباََ 92 ہزار طلبا و طالبات بینظیر انڈرگریجویٹ  اسکالرشپ کا حصّہ ہیں۔

 وفاقی وزیر نے بتایا کہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے 25000 فی خاندان کے حساب سے 70 ارب تقسیم ہوے۔

 اُنہوں نے بتایا کہ ہم حکومت سندھ کے ساتھ گندم بیج سبسڈی پر کام کر رہے ہیں، بیج سبسڈی کے تحت چھوٹے کاشتکاروں کو رقم دی جا رہی ہے۔ 

اُنہوں نے مزید بتایا کہ بینظیر تعلیمی وظائف کے ذریعے 2.6 سے بڑھ کر 7.1 ملین افراد مستفید ہورہے ہیں۔

شازیہ مری  نے بتایا کہ ٹرانسجینڈرز کو بھی معاشی طور پر کافی چیلنجز کا سامنا ہے، اس لیےخواجہ سرا کمیونٹی کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں پہلی بار شامل کیا گیا ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ بی آئی ایس پی نے اپنے بجٹ سے ایک ارب روپے کی رقم سیلاب زدہ علاقوں میں تقسیم کی، زکوٰۃ کے ذریعے بھی ہماری وزارت مالی مدد کر رہی ہے۔ 

شازیہ مری کے ہمراہ پریس کانفرنس میں موجود پیپلز پارٹی کے ترجمان اور وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے موجودہ سیاسی صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آئین کی بالادستی کو قائم رکھنا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے اس ملک کو آئین دیا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ آج تک شہید ذوالفقار علی بھٹو کے کیس پر پیش رفت نہ ہو پائی۔ 

فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ سب اداروں کی ماں کا کردار ادا کرتی ہے، ہمیں اس ملک کےلیے مل کر حل تلاش کرنا ہوگا اور اس وقت واحد حل ڈائیلاگ ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو بہت نقصان اُٹھانا پڑے گا۔

قومی خبریں سے مزید