اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید پر فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر کر دی۔
آصف زرداری پر قتل کی سازش کا الزام لگانے سے متعلق شیخ رشید کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔
شیخ رشید کے وکلاء نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر اخراج مقدمات کی نقول عدالت میں جمع کرا دیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں معاملہ زیر سماعت ہونے پر عدالت نے فرد جرم کی کارروائی مؤخر کر دی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے کیس کی سماعت 3 جون تک ملتوی کر دی۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آصف علی زرداری چاہتے ہیں کہ شہباز شریف نااہل ہو جائیں، زرداری کہتے ہیں عمران خان مقبول لیڈر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آئین اور قانون کی جنگ لڑ رہا ہے، عدلیہ جیتے گی کیونکہ قوم عدلیہ کے ساتھ ہے، عدلیہ نے دور اندیشی سے آئین کو بلند رکھا۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نیب کا قانون حکومت اراکین کے گلے میں لٹکا ہوا ہے، کیسوں سے ہم گھبرانے والے نہیں ہیں۔