عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حالات کافی سنگین ہو گئے ہیں، 15 جون تک فیصلہ ہوجائے گا کہ ملک نے آئین و قانون کے ساتھ چلنا ہے یا جنگ و جدل کے ساتھ۔
راولپنڈی میں افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ الیکشن ہوئے اور کوئی انہونی نہ ہوئی تو عمران خان کی حکومت بنے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ یہ پہلی نااہل حکومت ہے جو عدلیہ سے ٹکراؤ کر رہی ہے، 15 میں سے 9 ججز ایک طرف ہیں، وہ لوگ بےوقوف ہیں جنہوں نے عدلیہ سے ٹکر لی ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم عدلیہ، آئین اور جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ ذاتی خواہش ہے کہ ہماری فوج سے صلح ہو، عمران خان کی لڑائی صرف چوروں اور ڈاکوؤں سے ہے۔