لاہور ہائیکورٹ نے سابق چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جاوید اقبال اور 20 افسران کیخلاف احتساب عدالت میں جاری کارروائی روکنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس امیر بھٹی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے جاوید اقبال سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔
سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کے وکیل صفدر شاہین پیرزادہ نے عدالت میں دلائل دیے اور کہا کہ طیبہ گل نے سابق چیئرمین، ڈی جی نیب لاہور اور دیگر کیخلاف بےبنیاد درخواستیں دائر کیں۔
انہوں نے مؤقف اپنایا کہ احتساب عدالت لاہور سمیت متعدد فورمز پر غیر قانونی کارروائی جاری ہے، بےبنیاد درخواستوں کے ذریعے کردار کشی کی جارہی ہے۔
وکیل صفدر شاہین پیرزادہ نے استدعا کی کہ عدالت طیبہ گل کی درخواستوں پر کارروائی روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کرے۔
فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت عالیہ نے جاوید اقبال اور 20 افسران کیخلاف احتساب عدالت میں جاری کارروائی روکنے کا حکم دے دیا جبکہ پولیس اور دیگر فورمز پر جاری کارروائیاں بھی روکنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے طیبہ گل اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔