پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کیلئے سپریم کورٹ کی سیاسی اتفاق رائے کی تجویز کا خیر مقدم کیا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چیف جسٹس نے سیاسی اور قانونی حقیقتوں میں ربط پیدا کرنے کی اچھی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی تو پہلے دن سے ہی مذاکرات کا کہہ رہی ہے، اسٹیبلشمنٹ کو بھی بیٹھنا چاہیے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سب کو ایک ساتھ بیٹھ کر الیکشن کے رولز آف دی گیمز طے کرنے چاہئیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ کروانے کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس میں کہا ہے کہ اگر سیاسی جماعتیں انتخابات کی تاریخ بدلنا چاہتی ہیں تو عدالت ان کے ساتھ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتیں ایک مؤقف پر آجائیں تو عدالت گنجائش نکال سکتی ہے، سیاسی مذاکرات میں اتفاق ہوا تو ٹھیک ورنہ ہم 14 مئی کا حکم دے چکے ہیں۔