ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو 4 اور 5 مئی کو گوا میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ دورۂ بھارت کے لیے ہماری تیاری جاری ہے، دورۂ بھارت پر میڈیا کی شرکت کے لیے بھی رہنمائی کریں گے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اپنے ہندوستانی ہم منصب ایس جے شنکر کی دعوت پر بھارت جائیں گے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ممبر ڈیزاسٹر اتھارٹی آج ایس سی او ممالک کے اجلاس میں ورچوئل شرکت کر رہے ہیں، وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے اجلاس دہلی میں ورچوئل شرکت کی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈی جی نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی نے دہلی میں ایس سی او اجلاس میں ورچوئل شرکت کی۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے سمرقند میں افغانستان کے پڑوسی ممالک کے اجلاس میں شرکت کی، وزیر مملکت نے چین، پاکستان، ایران، روس کے افغانستان سے متعلق اجلاس میں بھی شرکت کی۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے کابل میں سفیر عبید نظامانی نے کابل جا کر ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوڈان میں ہونے والی پیش رفت قریب سے دیکھ رہے ہیں، سوڈان میں کم وبیش 1500 پاکستانی ہیں، سفارتخانے نے پاکستانیوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔