سربراہ پاکستان مسلم لیگ (ق) چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ صرف پنجاب میں الیکشن سے ملک میں افراتفری پھیلے گی۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے لاہور میں ٹیلی فون پر رابطہ کیا، انکی خیریت دریافت کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔
سراج الحق نے گفتگو کے دوران کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں چوہدری شجاعت اپنا کردار ادا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت واحد سیاستدان ہیں جن کے کردار پر کوئی داغ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت کردار ادا کریں کہ ملک میں الیکشن ایک ہی دن ہوں۔
اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ میں خود بھی یہی چاہتا ہوں کہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن ایک ہی دن ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف پنجاب میں الیکشن ہونے سے جو بھی وزیراعلیٰ بنے گا، وہ بادشاہ بن کر رہ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جو پنجاب کا وزیر اعلیٰ بنے گا وہ دیگر الیکشنز میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے گا، اسطرح ملک میں افراتفری پیدا ہوگی۔
چوہدری شجاعت نے کہا کہ پرویزالہٰی سراج الحق کے سامنے پی ٹی آئی کا مؤقف دیں گے، جو کہ عمران خان دے چکے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ کا مؤقف صرف میں ہی دے سکتا ہوں۔ میرا مؤقف ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہے۔