وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست مخصوص ایجنڈے کے گرد گھومتی ہے۔
ایک بیان میں خورشید شاہ نے کہا کہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ پر الزامات میں صداقت ہے تو عمران خان مقدمہ قوم کے سامنے رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کبھی بھی کسی فورم پر ان معاملات کو نہیں اٹھائیں گے، ایسا ہوا تو پھر قمر جاوید باجوہ بھی عمران خان کی کہانی عوام کے سامنے رکھ دیں گے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان کو فوری الیکشن کی امید تھی اس لیے سائفر کا ڈرامہ رچایا، جب فوری الیکشن کا امکان ختم ہوگیا تو سائفر پر معافی مانگ لی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سیاست کسی مخصوص ایجنڈے کے گرد گھومتی ہے، اس سیاست سے ملک اور ادارے تباہ ہو رہے ہیں۔
خورشید شاہ نے کہا کہ نظام عدل کے عدم توازن نے سیاسی اور معاشی عدم استحکام سے دوچار کر رکھا ہے، اعلیٰ عدلیہ کو اپنی ساکھ کی بحالی کے لیے جانبداری کے تاثر سے باہر نکلنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کی بےجا مداخلت کی روک تھام کے بغیر جمہوریت کی کامیابی ممکن نہیں۔