• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریر: نرجس ملک

ماڈل: ارم انصاری

ملبوسات : JAAN LONDON

آرائش: سلیک بائے عینی

کوآرڈی نیشن: وسیم ملک

عکّاسی: ایم کاشف

لے آؤٹ: نوید رشید

کہنے کو تو کہتے ہیں کہ ’’خُوب صُورتی، صرف ایک خُوب صُورت چہرے کا نام نہیں، یہ ایک خُوب صُورت ذہن، خُوب صُورت دل اور خُوب صُورت رُوح کے مجموعے کانام ہے۔‘‘ یا یہ کہ ’’ خُوب صُورتی انسان کے اندر سے نکلتی اورآنکھوں سے جھلکتی ہے۔‘‘ یا پائولو کوئلہو کے بقول ’’ظاہری خُوب صُورتی درحقیقت باطنی خُوب صُورتی ہی کا عکس ہوتی ہے۔‘‘ یا خلیل جبران کے بقول ’’چہرے کی چمک خُوب صورتی نہیں، خُوب صورتی تو دل کی روشنی ہے۔‘‘ مگر شعر و سُخن میں حُسن و دل کشی کے بیان، حُسن و جمال کی قصیدہ گوئی کے لیے کبھی خال ہی کسی نے باطنی حُسن کو پیشِ نگاہ رکھا ہوگا۔

نام وَر لیکھکوں سے نو آموز لکھاریوں تک سب ہی نے کسی حُسنِ مجسّم ہی پر نگاہِ خاص کی، تو کوئی تخلیق، فن پارہ، شاہ کار وجود میں آیا۔ مثلاً جیسے کامی شاہ کی یہ ایک بہت اُجلی، سادہ و عُمدہ سی غزل ہے ؎ ویسے تم اچھی لڑکی ہو… لیکن میری کیا لگتی ہو… مَیں اپنے دل کی کہتا ہوں… تم اپنے دل کی سُنتی ہو… جھیلوں جیسی آنکھوں والی… تم بے حد گہری لگتی ہو… موجِ بدن میں رنگ ہیں اِتنے… لگتاہے، رنگوں سے بنتی ہو… پھول ہوئے ہیں ایسے روشن… جیسے اِن میں تم ہنستی ہو… جنگل ہیں اور باغ ہیں مجھ میں… تم اُن سے مِلتی جُلتی ہو… یوں تو بشر زادی ہو لیکن… خُوشبو جیسی کیوں لگتی ہو… اکثر سوچتا رہتا ہوں… خلوت میں تم کیا کرتی ہو… وہ قریہ آباد ہمیشہ… جس قریے میں تم رہتی ہو۔ تو اس کلام میں جو کچھ بھی اخذ کیا گیا ہے، بیش تر ظاہری حُسن و جمال ہی سے کیا گیا ہے اور یہی زمانے کا چلن بھی ہے۔ 

ہاں، یہ علیحدہ بات ہے کہ قدرت کی تو ہر تخلیق ہی خُوب صُورت ہے، خصوصاً وجودِ زن تو مجسّم حُسن و کمال ہی ہے، کیا ظاہر، کیا باطن۔ اور ہم بھی تو ہر ہفتے بظاہر، ظاہر ہی کے بنائو سنوار، سولہ سنگھار کا سامان سمیٹے چلے آتے ہیں، حالاں کہ بہت ممکن ہے، اِن پَری وَشوں، حور شمائلوں کا باطن، ظاہر سے کہیں زیادہ حسین ہو۔

چلیں خیر، آج کی بزم پر نگاہ ڈالتے ہیں۔ اِسکن فٹڈ سیاہ ٹرائوزر کے ساتھ سیاہ اورنارنجی کے کامبی نیشن میں سیاہ لیس کی آرائش لیے ایک حسین پرنٹڈ کُرتی ہے، تو بلیو ٹرائوزر کے ساتھ نیلے، سُرخ اور سیاہ کے امتزاج میں فلورل اور اسٹرائپس پرنٹ کا بھی ایک دل آویز سا انداز ہے۔ اِسی طرح آف وائٹ ٹرائوزر کے ساتھ رسٹ اور چاکلیٹ برائون کامبی نیشن میں منفرد بِیڈورک سے مرصّع ایک شان دار کُرتی ہے، تو سیاہ و آتشی گلابی اور سیاہ و سُرخ کے حسین تال میل میں بھی دو بہت ہی پیاری سی کُرتیاں ہیں۔

اب اِن سادہ، کیژول سے رنگ و انداز کے ساتھ سجنے سنورنے والی کو یہ کہنا تو بنتا ہی ہے ؎ یوں تو بشر زادی ہو لیکن… خُوشبو جیسی کیوں لگتی ہو۔