مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ فتنہ آج مزدوروں کے نام پر ریلیاں نکال رہا ہے، تم سازشوں سے اقتدار کے راستے بنانا بند کرو مزدور کے حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔
مریم نواز نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر لاہور میں کنونشن سے خطاب میں کہا کہ آج دو روپے کی روٹی 25 روپے کی ہے تو کس کو الزام دینا ہے؟ صرف خان ذمے دار نہیں ہے پورا گینگ ذمے دار ہے، چاہے وہ ثاقب نثار ہوں یا فیض حمید سب اس گینگ کا حصہ تھے۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم نے مشکل حالات کے باوجود کم از کم اجرت 35 ہزار مقرر کی، مزدور کی کم از کم اجرت 40 ہزار روپے ہونی چاہیے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ 2017ء تک پاکستان کامیاب ترین معیشتوں میں شامل تھا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں تھا ن لیگ کا اتنا متحرک لیبرونگ ہے، دیکھ کر خوشی ہوئی محنت کشوں کا اتنا متحرک ونگ ن لیگ میں موجود ہے، ن لیگ کے لیبرونگ کو مزید مضبوط کریں۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ترقی میں جتنا مزدور کا ہاتھ ہے شاید اتنا کسی اور کا نہیں، اگر پاکستان نواز شریف کے ویژن پر چلے تو لوگوں کو باہر جا کر مزدوری کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ ملک میں موٹر ویز بن رہے تھے، لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی ختم ہو رہی تھی، ملک کی معیشت ترقی کر رہی تھی، وہ بھی وقت تھا جب ڈالر 100 روپے کا تھا، نواز شریف نے پھلوں، سبزیوں کی قیمتیں بڑھنے نہیں دیں۔
ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو اقامہ پر نکالا گیا، نقصان پاکستان کو زیادہ ہوا، کسی کو توسیع چاہیے تھی، کسی کو وزیر اعظم بننا تھا، ملک کا انہوں نے نقصان کیا، نواز شریف نہ کھاتا ہے نہ کھانے دیتا ہے، یہ لوگ کھاتے ہیں اور کھلاتے بھی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کا اسمبلیاں توڑنے کا فیصلہ ناکام ہوا، ملک کو زبردستی کے مسائل میں الجھایا ہوا ہے، اصل سازش کا بھانڈا خود عمران خان نے پھوڑا، ایک معزز جج نے کہا الیکشن کے فیصلے سے پہلے دیکھنا ہو گا اسمبلی کیوں توڑی گئی، سپریم کورٹ کے سینئر ججز نے سازش کے خلاف آواز اٹھائی، پیپر آؤٹ ہوگیا ہے یہ منصوبہ تمہارا کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔