پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف ملک بھرمیں 121 مقدمات اور کال اپ نوٹسز کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
پی ٹی آئی نے 121 مقدمات کی فہرست اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کروا دی۔
پی ٹی آئی نے درخواست میں کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں عمران خان کے خلاف31 مقدمات درج ہیں، لاہور میں 30 مقدمات اور کال اپ نوٹسز جاری کیے گئے۔
عدالت میں جمع کرائی گئی فہرست کے مطابق لاہور میں عمران خان کے خلاف دہشت گردی کے 12 مقدمات درج ہیں جبکہ فیصل آباد میں 14 مقدمات درج ہیں۔
پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کے خلاف ملک بھرمیں دہشت گردی کے 22 مقدمات درج ہیں۔
اس سے قبل عمران خان اور پی ٹی آئی رہنماؤں پر 100 سے زائد مقدمات پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور اسد عمر نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ عمران خان کے خلاف 100 سے زائد مقدمات درج کیے گئے ہیں، ہزاروں کارکنوں کو گرفتار اور حراست میں رکھا گیا۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کے متعدد کارکن تاحال غائب ہیں، مقدمات سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کی جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھا کہ عمران خان کے خلاف فوجداری قوانین کا غیر ضروری اور غلط استعمال غیر قانونی قرار دیا جائے۔