وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے چند گھنٹوں کے دوران کراچی ایئرپورٹ سے جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے افغان نژاد برطانوی شہری اور 2 ایجنٹوں سمیت 5 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
ملزمان کو تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ایف آئی اے امیگریشن کے ذرائع کے مطابق پاکستانی سفری دستاویزات پر دبئی جانے والے افغان نژاد برطانوی شہری زوہیب جان کو گرفتار کیا گیا، جس نے جعلسازی سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے مختص نائیکوپ کارڈ حاصل کر رکھا تھا۔
کراچی ایئرپورٹ سے مشکوک دستاویز پر اٹلی جانے والے مسافر عارف خان کو بھی حراست میں لیا گیا۔
ایک اور کارروائی میں جعلی دستاویز پر کینیڈا جانے والے مسافر نعمت علی کو حراست میں لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق گرفتار مسافر نعمت علی کی نشاندہی پر ایئرپورٹ کی پارکنگ سے 2 ایجنٹوں کو بھی حراست میں لیا گیا، جو ملزم نعمت علی کو ایئرپورٹ چھوڑنے آئے تھے۔
زیر حراست تمام ملزمان کو تفتیش کےلیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل کے حوالے کردیا گیا۔