وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان نے انگلینڈ کے علاوہ نیوزی لینڈ تک میں میرے خلاف شواہد اکٹھے کرنے کی کوشش کی، کیس میں میری بریت پورے پاکستان کی فتح ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے میرے خلاف ہر حربہ استعمال کیا لیکن ناکامی ہوئی، عمران خان سر سے پاؤں تک جھوٹے مکار آدمی ہیں، ان کا جھوٹ قوم کے سامنے آرہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان محسن کش آدمی ہے، انشااللّٰہ ضرور اللّٰہ کی پکڑ ہوگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسکاٹش فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف سے ملاقات بہت اچھی رہی، بہت جلد انویسٹمنٹ کانفرنس بلا رہے ہیں۔ کانفرنس میں تجارت ایجوکیشنل اور ٹیکنیکل ایجوکشن پر تعاون پر غور ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مسائل سے نکالنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ پاکستان جب مشکل میں تھا تب باگ ڈور سنبھالی۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے اقدامات کریں گے، میاں نواز شریف نے ملاقات میں عوام کے مسائل کے حل کےلیے سخت اقدامات کا کہا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے جس کی بالادستی کےلیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ مخلوط حکومت میں تمام جماعتیں ملکی مسائل کے حل کےلیے فکر مند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشی صورتحال بہتر بنانے کےلیے مشکل فیصلے لینے پڑے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ برطانیہ کا دورہ کامیاب رہا۔ کنگ چارلس کے ساتھ ملاقات بہت اچھی رہی، کنگ چارلس نے پاکستان کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔