پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ایک شخص اداروں کو بدنام کرنے کی ہر حد کو عبور کرچکا ہے جسے اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اپنے بیان میں سابق صدر نے مزید کہا کہ اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش نے ایک شخص کا حقیقی چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بس بہت ہوگیا، غیرملکی ایجنٹ کی گزشتہ روز کی تقریر سننے کے بعد کوئی محب وطن اس کی پیروی کرنے کا اب سوچ بھی نہیں سکتا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ ایک شخص میرے آباؤاجداد، میرے بچوں اور میرے ملک کو تباہ کرنے کے درپے ہے جس کی ہم اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ وہ ملک ہے جہاں ہم سب کو دفن ہونا ہے، ہم ایک شخص کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہماری اقدار اور ہمارے ملک کے ساتھ کھلواڑ کرے۔
سابق صدر نے کہا کہ میجر جنرل فیصل سمیت پاک آرمی کے بہادر اور مایہ ناز افسران پر الزامات دراصل اس ادارے پر حملہ ہے کہ جس کے ساتھ پورا پاکستان کھڑا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص جھوٹ اور دھوکے سے اپنے معصوم کارکنان کو بےوقوف بنارہا ہے، میں اس شخص کا زوال دیکھ رہا ہوں۔