• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام پہلی سالانہ قومی سماجی تحفظ کانفرنس

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے زیر اہتمام آج پہلی سالانہ قومی سماجی تحفظ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ یہ 3 روزہ کانفرنس جرمن تنظیم جی آئی زیڈ کے تعاون سے مری میں 8 سے 10 مئی 2023 تک منعقد کی جارہی ہے۔

کانفرنس کے افتتاحی اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ، چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کی۔

کانفرنس میں سماجی تحفظ کے ماہرین، بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندگان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو پاکستان میں سماجی تحفظ کے مختلف اقدامات اور پروگرامز پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ عالمی بینک کے نمائندہ اور جرمن سفیر نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس سے خطاب کیا۔

افتتاحی سیشن کے دوران وفاقی وزیر شازیہ مری نے پاکستان میں پسماندہ خاندانوں کو مالی امداد فراہم کرنے میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے بتایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے شیر خوار بچوں اور ان کی ماؤں کی بہتر خوراک اور غذائیت کی کمی کو پورا کرنے کےلیے معاونت فراہم کر رہا ہے۔ یہ پروگرام ضرورت مند بچوں کو تعلیمی وظائف بھی مہیا کر رہا ہے جس کے نتیجے میں اسکولوں میں بچوں کے داخلوں کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک بھر کے لاکھوں پسماندہ خاندانوں کےلیے اُمید کی کرن بنا ہوا ہے۔

شازیہ مری نے عالمی بینک، جرمن ادارہ برائے بین الاقوامی تعاون (جی آئی زیڈ)، ایشین ڈیولپمنٹ بینک (اے ڈی بی)، یونیسیف اور دیگر معاون اداروں کے مالی و تکنیکی تعاون کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام پہلی سالانہ قومی سماجی تحفظ کانفرنس
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام پہلی سالانہ قومی سماجی تحفظ کانفرنس

انہوں نے بتایا کہ بی آئی ایس پی 90 لاکھ غریب ترین خاندانوں کو مالی مدد فراہم کر رہا ہے جو کہ پاکستان کی کل آبادی کا تقریباً 24 فیصد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کوششوں کے باوجود اب بھی ایک بہت بڑا خلا موجود ہے اور غریب لوگوں کی ایک بڑی تعداد اب بھی مالی امداد کےلیے حکومت کی طرف دیکھ رہی ہے۔

کانفرنس میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے چیئرمین سمیت دیگر بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو دنیا میں ایک کامیاب اور شفاف ترین سماجی تحفظ پروگرام قرار دیتے ہوئے سراہا۔

قومی خبریں سے مزید