• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیالے میئر کے حوالے سے بلاول بھٹو کی پیشگوئی درست ثابت ہوئی، مرتضیٰ وہاب

وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے بلاول بھٹو کی پیشگوئی سچ ثابت ہوئی، پیپلزپارٹی کو عوام کی خدمت کا صلہ ملا ہے، کراچی کی ترقی کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو چارٹر آف سٹی پر متفق ہونا ہوگا۔

وہ پیر کے روز سندھ اسمبلی میڈیا کارنر پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے باشعور عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی والوں نے منفی اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کیا عوام نے بلاول بھٹوکے ترقی و بہتری کے بیانیے کو اپنایا اور  پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنایا، 15 جنوری کے انتخابات سے پہلے میں نے دعویٰ کیا تھا کہ کراچی کے عوام پیپلز پارٹی کا انتخاب کریں گے۔

انہوں نے کہا بلاول بھٹوکی پیشگوئی 15 جنوری کو بھی درست ثابت ہوئی اور کل بھی ہوئی کراچی والوں نے دیکھا بلاول نے جو وعدہ کیا وہ ہمیشہ وفا ہوا، محکمہ تعلیم میں میرٹ پر کراچی و حیدرآباد کے لڑکے لڑکیوں کو عزت والا روزگار ملا۔

ان کا کہنا تھا کہ اعلان عمران خان نے کیا بسیں پیپلز پارٹی لائی، کلائمنٹ چینج ہو، ریسکیو 1122 کا آغاز ہو، پیپلز پارٹی نے کیا۔ تین بڑے اسپتال تو تھے۔ دل کے کورنگی لانڈھی میں ایک بڑے اسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کراچی والوں نے دیکھا ایک طرف پیپلز پارٹی ہے جو روز گار دلواتی ہے، ترقی دیتی ہے، پاکستان کامقدمہ دنیا کے آگے رکھتی ہے۔ دوسری طرف محض باتیں ہیں، اور کوئی عملی کام نہیں۔ لوگوں نے کہا ہمیں ایسا لیڈر چاہیے جس کے قول و فعل میں کوئی تضاد نہ ہو اور وہ ہیں بلاول بھٹو زرداری۔ 

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ لوگوں نے کورنگی، ضلع وسطی سمیت کراچی کی اہم سڑکیں بہتر ہوتے دیکھی، ڈاکیارڈ ہو یا آئی سی آئی برج ہو، گلستان جوہر فلائی اوور ہو، سب بنتے ہوئے دیکھے، ضلع ملیر کے اندر اسٹار گراؤنڈ بنتے ہوئے دیکھا ہے۔ ابھی ملیر 15 کالا بورڈ کی سڑکیں بنتی دیکھ رہے ہیں۔

یہ نہ ہو ایک پریس کلب پر احتجاج تو دوسرا ریگل چوک پر احتجاج کرتا ہوا نظر آئے، لوگوں نے جیالے چیئرمین پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جماعت اسلامی کے مینڈیٹ پر انکوائری ہونی چاہیے، کس کس سماجی تنظیم کے فلاحی مقاصد کے چندے کو سیاست کے لئے استعمال کیا گیا۔ لیاری میں چائنا کٹنگ کرکے جماعت اسلامی کوایک نشست دی گئی تھی۔

لیاری والوں نے دیکھا چاکیواڑہ روڈ کس نے بنائی پیپلز پارٹی نے بنائی، کنری روڈ شیر شاہ روڈ کون بنا رہا ہے؟ پیپلز پارٹی بنا رہی ہے۔ ککری گراؤنڈ کو آج جا کر دیکھیں ایک مختلف منظر پیش کرتا ہے، جہاں مٹی اڑتی تھی وہاں گراؤنڈ بنا ہوا ہے، انڈر گراؤنڈ گیمز ہورہی ہیں۔ شہر میں ترقی کا سفر جاری و ساری رہیگا۔ 

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ شہر کی تمام جماعتوں کو ملکر چارٹر آف سٹی پرمتفق ہوناچاہیے، کراچی کی ترقی کے لئے ہم سب کے ساتھ بیٹھنے کے لئے تیار ہیں۔ بچہ گٹر میں ڈوبا نشہ کے عادی لوگ گٹر کے ڈھکن اٹھالیتے ہیں علاقہ مکین ان پر نظر رکھیں، ہم سب اس کے ذمہ دار ہیں۔ نشئی لوگوں نے بڑا تنگ کیا ہے، اب ان کا کوئی بندوبست کرنا ہوگا۔ 

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ سیوریج کے ڈھکن نشے کے عادی افراد اٹھا کر لے جاتے ہیں کوئی نہیں چاہے گا کہ ایسے واقعات ہوں، ہمارے سامنے لوگ سریہ کاٹ کر لے کر جاتے ہیں ہم نہ روکتے ہیں نہ پولیس کو بلاتے ہیں۔ ہم سب کو اپنا اپنا کردار کرنا ہوگا۔ نشے کے عادی افراد کی لوہا کاٹتے ہوئے ویڈیو بن رہی ہے لیکن ہمیں ذمےداری پوری کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا 21 دسمبر کو بلاول صاحب نے اعلان کیا تھا کہ کراچی کا مئیر جیالا ہوگا، 18 اکتوبر کو بھی اعلان کیا تھا کہ جیالا مئیر ہوگا، مئیر کا پہلا حق پیپلز پارٹی کا ہے، کیونکہ سب سے زیادہ تعداد پیپلز پارٹی کے پاس ہے انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی میری پارٹی نے موقع دیا، ایڈمنسٹریٹر بنایا، اس سے بہت سیکھا، جو بھی ذمہ داری پارٹی دے گی وہ کام کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید