پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ عمران خان کا کوئی بال بھی بیکا نہیں کرسکتا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر چوہدری پرویز الہٰی نے ردعمل دیا اور سابق وزیراعظم کی گرفتاری کی مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان عدالت میں ضمانت کے لیے پیش ہوچکے تھے ان کو گرفتار کرنا قانون کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف ہے۔
پی ٹی آئی صدر نے مزید کہا کہ ثابت ہوگیا ملک فسطائیت کا شکار ہوچکا، یہاں پر آئین و قانون کی عمل داری نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ہمراہ جو وکیل موجود تھے انہیں بری طرح مارا پیٹا گیا، یہ سب کرنے والوں کو سمجھ لینا چاہیے کہ قوم پی ٹی آئی چیئرمین کے ساتھ ہے۔
پرویز الہٰی نے یہ بھی کہا کہ یہ کارروائی نواز شریف، شہباز شریف اور رانا ثناء اللّٰہ کی ہدایات کے بغیر نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پر حملہ ہوا ہے، اُن کا حق بنتا ہے کہ وہ جس کو ایف آئی آر میں نامزد کریں، اُس کا نام مقدمے میں شامل ہونا چاہیے۔