• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان سے جوابی سوال پوچھ لیے

وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کے بیان پر ردعمل میں اُن سے جوابی سوال پوچھ لیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں شہباز شریف نے عمران خان سے استفسار کیا کہ وزیرآباد واقعے سے بھی پہلے سے کیا آپ آرمی، انٹیلی جنس اداروں اور ان کی قیادت پر مسلسل کیچڑاچھالنے کا سلسلہ جاری نہیں رکھے ہوئے؟

وزیراعظم نے چیئرمین پی ٹی آئی سے پوچھا کہ ہر روز دھمکانے، بے بنیاد الزام لگانے کے سوا آپ نے کون سا قانونی طریقہ کار اپنایا؟

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ہیلی کاپٹر حادثہ کے بعد شہداءاور مسلح افواج کے خلاف سوشل میڈیا پر غلیظ مہم کس کے ایما پر چلائی؟

شہباز شریف نے مزید استفسار کیا کہ سیاسی مقاصد کے لئے مذہب کو کس نے استعمال کیا؟ اپنی سیاسی سرگرمیوں میں مذہبی اصطلاحات کو کس نے متعارف کرایا؟

چیئرمین پی ٹی آئی سے وزیراعظم نے پوچھا کہ آپ نے ذاتی سیاسی مقاصد کی خاطر سیاسی مخالفین کو تشدد کے خطرات سے دوچار کیا؟

انہوں نے سوال کیا کہ آپ کے پارٹی رہنماؤں نے مسجد نبوی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے تقدس و احترام کو پس پشت ڈالا، کیا خاتون وزیر سمیت سرکاری وفد کو ہراساں کرنے کی تاویلیں، دلیلیں اور جواز نہیں گھڑے تھے؟

شہباز شریف نے آپ نے وفاقی حکومت کی طرف سے کی گئی تعاون کی پیشکش ٹھکرا دی، آپ نے قانونی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا، کبھی سچائی کی کھوج میں کوئی دلچسپی تھی۔

انہوں نے کہا کہ قابل مذمت واقعے کو آپ نے اپنے گھٹیا سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بطور سابق وزیراعظم کرپشن پر جاری ٹرائل کا سامنا کرتے ہوئے آپ چاہتے ہیں کہ قانونی و سیاسی نظام کو درہم برہم کردیا جائے۔

وزیراعظم نے مشورہ دیا کہ آپ کی دانست میں پاکستان جنگل بن چکا ہے تو آپ کو مشورہ ہے کہ وہاں نہ جائیں کیونکہ حقائق اکثر تلخ اور تباہ کن ہوتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید