پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں عمران خان تک رسائی دی جائے۔
پولیس لائنز کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چاہتے ہیں عمران خان سے ملاقات کرنے دی جائے تاکہ ان سے رہنمائی حاصل کرسکیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پولیس لائنز میں عمران خان کو پیش کرنا ہے، مجھے اور وکلاء کو عمران خان تک رسائی دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے سر پر چوٹ آئی ہے، انہیں ڈنڈے مارے گئے ہیں، ان کی زخمی ٹانگ پر ڈنڈے مارے گئے ہیں، پورے ملک میں اضطراب کی کیفیت ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اب مذاکرات، خدا کا خوف کریں، یہ اس قابل ہی نہیں، حکومت نے پارلیمنٹ کوعدلیہ سے لڑانے کی کوشش کی ہے، میرے ملتان کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، ملازمین پر تشدد کیا گیا، ملتان میں میرے گھر کے دروازے توڑے گئے، 9 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ میری بیٹیاں گزشتہ روز کراچی شاہراہ فیصل کے احتجاج میں شریک تھیں، کوشش کروں گا عمران خان سے میری یا وکلاء کی ملاقات ہو جائے۔
سابق وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے ملک کو آئینی بحران میں دھکیل دیا ہے، عدلیہ کے اندر تفریق پیدا کردی گئی ہے، ملک بھر میں پُرامن احتجاج ہو رہے ہیں جو قانونی حق ہے، حکومت پی ٹی آئی پر جھوٹے مقدمات قائم کرنے کا موقع ڈھونڈ رہی ہے، لوگوں کو مشتعل نہ کیا جائے، درخواست ہے کوئی قانون ہاتھ میں نہ لے۔