فلموں اور ڈراموں کی منجھی ہوئی اداکارہ صبا قمر اور اداکار عمران عباس کی نئی ڈراما سیریل ’تمہارے حسن کے نام‘ کی پہلی آفیشل جھلکیاں ریلیز کردی گئیں۔
یہ سیریز ایک محبت کے سفر کی کہانی ہے، جو سماجی فرسودہ خیالات، جیسے اٹل بندھن کے ثبوت کےلیے انسان کے بیک گراؤنڈ اور ذات پات کے خلاف لڑائی پر مبنی ہے۔
اس میں صبا قمر اور عمران عباس کے مرکزی کرداروں کے علاوہ کاسٹ میں اسد صدیقی اور سدرہ نیازی بھی شامل ہیں۔
عائشہ میاں کے تصور کو عمیرہ احمد اور سارہ قیوم نے تحریر کا روپ دیا ہے، جبکہ ہدایات ثاقب خان نے دی ہیں۔ ثاقب خان فلم ’گھبرانا نہیں ہے‘ کی ہدایت کاری بھی کرچکے ہیں۔
آئی کونک میڈیا کے بینر تلے ملٹی ورس انٹرٹینمنٹ کے اشتراک سے پیش کی جانے والی اس سیریز کو مصباح شفیق اور عمران رضا نے پروڈیوس کیا ہے۔
اس کی دلچسپ کہانی محبت، پرانی یادوں اور اداسی پر مبنی ہے، جبکہ پس منظر اور ذات پات کی تفریق سے آج کل معاشرے اور اس کی تشکیل پر پڑنے والے اثرات کو مہارت کے ساتھ ترتیب دیا گیا ہے۔
کہانی میں واضح کیا گیا ہے کہ محبت وقت اور جگہ سے ماورا ہوتی ہے، تمام چیلنجز اور رکاوٹوں سے لڑ جاتی ہے اور محبت کرنے والوں میں ایک دوسرے کی عزت و احترام اور وفاداری کے اٹوٹ بندھن کو ثابت کرنے میں بھرپور کوشش کرتی ہے۔
مصباح شفیق کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ ’تمہارے حسن کے نام‘ میں رومانس کو ایک مختلف انداز سے پیش کیا گیا ہے۔ یہ جذبات، شاعری اور پُرانی یادوں کے عناصر کے ساتھ ساتھ ایک پرکشش انداز رکھتا ہے اور ہم نے پروڈکشن کے ذریعے اپنے ناظرین کے لیے ان احساسات کو اُجاگر کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں خلوص دل سے اپنے ڈراما نگاروں اور فنکاروں کا اپنی کہانیوں اور اداکاری کے ساتھ ہم پر بھروسہ کرنے پر شکریہ ادا کرتی ہوں۔ انہوں نے ہمیں کچھ نیا پروڈیوس کرنے اور ناظرین کی دل چسپی قائم رکھنے کے لیے موقع فراہم کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ جو بھی اس کہانی کو دیکھے گا، وہ اس کو ضرور پسند کرے گا۔