پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار رہنماؤں شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور فواد چوہدری کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے ترجمان کے مطابق جلاؤ، گھیراؤ اور پُرتشدد مظاہروں پر اکسانے والوں کی نقصِ امن کے خطرے کے تحت گرفتاریاں ہوئی ہیں۔
پولیس نے پی ٹی آئی کے تینوں رہنماؤں کو گزشتہ روز نقص امن کے خطرات کی وجہ سے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا تھا۔
شاہ محمود قریشی کو گلگت بلتستان ہاؤس سے، فواد چوہدری کو سپریم کورٹ کے احاطے سے اور اسد عمر کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ مسرت جمشید چیمہ، جمشید چیمہ کو بھی اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
حکام نے کہا کہ ملیکہ بخاری اور فلک ناز کو بھی اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا ہے۔
اڈیالہ لائے گئے رہنماؤں کا جیل میں طبعی معائنہ بھی کیا گیا۔