• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کا سابق وفاقی وزیر مراد سعید کیخلاف متعدد الزامات کی تحقیقات کا آغاز

فائل فوٹو
فائل فوٹو

قومی احتساب بیورو (نیب) نے تحریک انصاف کے سابق وفاقی وزیر مراد سعید کے خلاف متعدد الزامات کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

جیو نیوز کو موصول دستاویز کے مطابق نیب نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری لائیو اسٹاک اور سیکرٹری ایریگیشن سے متعدد الزامات کی تحقیقات کے لیے ریکارڈ طلب کرلیا۔

 مراد سعید کے خلاف مبینہ کرپشن، رشوت اور غیر قانونی تقرریوں سمیت دیگر شکایات کی تحقیقات کے لیے خطوط ارسال کر دیئے گئے۔

نیب سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری آبپاشی اور سیکرٹری لائیو اسٹاک کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 24 مئی تک ریکارڈ طلب کر لیا۔

نیب کی جانب سے سیکرٹری آبپاشی کو ارسال کردہ نوٹس کے مطابق ادارے کو باغ ڈھیری سوات میں محکمہ کے ترقیاتی منصوبے میں مبینہ کرپشن سے متعلق شکایات موصول ہوئی ہیں جس کی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس ضمن میں باغ ڈھیری ایریگیشن چینل تحصیل مٹہ سے متعلق منصوبے کی لاگت، کامیاب بولی دینے والے ٹھیکیدار، مالی اخراجات اور منصوبے پر اٹھنے والے اخراجات سے متعلق مکمل تفصیلات کا ریکارڈ مانگ لیا گیا۔

نیب نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، لائیو اسٹاک، ایریگیشن سے مبینہ غیرقانونی تقرریوں سے متعلق معلومات طلب کی ہیں، نیب نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے مبینہ کرپشن اور کرپٹ پریکٹسیز سے متعلق تفصیلات مانگی ہیں۔ خط کے مطابق مبینہ طور پر فرنٹ مین حمید اور فضل مولا کے ذریعے ان ذرائع سے حاصل پیسوں سے پراپرٹی خریدی گئی ہے۔

قومی خبریں سے مزید