مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ خوف کا بُت خوف خدا اختیار کرنے سے ٹوٹتا ہے، شہیدوں کے مجسمے توڑنے سے نہیں ٹوٹتا۔
لاہور میں مسلم اسٹوڈینٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف) سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ معاشرے کو ’تخریب کار‘ کی تخریب کاری کے اثرات سے پاک کرنا ہے، 60 ارب کے چور نے نوجوان کارکنوں کو تخریب کار فورس بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی نوجوان نسل اور پاکستان کو لڑانے کی مذموم سازش تھی، منصوبہ بندی کے تحت نوجوانوں کے ذہن میں زہر بھرا گیا، مٹھی بھر مسلح جتھوں کو پاکستان پر حملے کے لیے استعمال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ فتنے نے نوجوانوں کو جھوٹ بول بول کر ورغلایا، توشہ چور نے ملکی معیشت، کاروبار اور روزگار تباہ کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو کسی سیاسی ٹھگ کی خواہشات کا ایندھن نہیں بننے دیں گے، قوم کی تقسیم ختم کرکے امن اور برداشت واپس لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چاہتی ہوں کہ ملک بھر میں بیٹوں اور بیٹیوں کو تعمیر پاکستان فورس بناﺅں، نوجوانوں میں سے مستقبل کی قیادت سامنے لائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے ذہن میں تحمل، برداشت، علم و آگہی کے بیج بونے ہیں، یہ سمجھنا ہے کہ تخریب اور تعمیر کی قوتوں میں کیا فرق ہے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں میں شرکت ملکی ترقی کا راستہ ہے، معیشت بحال ہوگی، کاروبار چلے گا، نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم ایس ایف کے نوجوان نظریہ پاکستان کے پرچم بردار ہیں، ایم ایس ایف کا مقصد نئی نسل کی نظریاتی خطوط پر تربیت ہے۔
اجلاس میں ایم ایس ایف کی تنظیم نو میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔