مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نفرتیں پھیلانے، تشدد پر اکسانے اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والے دشمن کے ایجنٹ ہیں، سیاسی مفاد کی خاطر خواتین اور نوجوانوں کے ذہن کو بارود خانہ بنایا گیا۔
لاہور میں تنظیمی عہدیداروں کی ملاقات کے دوران مریم نواز نے کہا کہ غیر مسلم پاکستانیوں کی فلاح و بہود کے لئے جامع حکمت عملی پر کام کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک سے سیاسی انتشار، نفرتوں کی سوچ ختم کرنے میں خواتین اور اقلیتوں کو کردار ادا کرنا ہے۔آئین کے تحت غیر مسلم پاکستانی یکساں حقوق رکھتے ہیں، امتیاز برتنا آئین شکنی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں اور غیر مسلموں کے اتحاد سے پاکستان بنا تھا، خواتین اور اقلیتیں معاشرے میں استحصال کا زیادہ نشانہ بنتے ہیں، اسے ختم کریں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے، خواتین، نوجوانوں کی نمائندگی میں بتدریج اضافہ کر رہے ہیں، مزید بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان سے لے کر ہر سیاسی تحریک میں خواتین نے نمایاں کردار ادا کیا، بیٹیوں کو پڑھانا اسلام کی تلقین ہے، حقوق اور وسائل میں امتیاز ختم کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین معاشرے کی نصف آبادی ہیں، وسائل اور اختیارات میں بھی نصف حصہ ملنا چاہیے، خواتین وطن کی تعمیر، ادب اور اتحاد کی سوچ پروان چڑھا سکتی ہیں۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ سیاسی مفاد کی خاطر خواتین اور نوجوانوں کے ذہن کو بارود خانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم خواتین اور نوجوان معاشرے کو اچھی قدروں سے ہم کنار کرنے میں کردار ادا کریں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ نفرتیں پھیلانے، تشدد پر اکسانے اور شہداء کی یادگاروں کی بےحرمتی کرنے والے دشمن کے ایجنٹ ہیں۔